بھٹکل 13؍فروری (ایس او نیوز) ریاستی حکومت کے اقلیتی ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ریاست کرناٹک میں موجود مدرسوں کی جدیدکاری کے لئے 8.12کروڑ روپیوں کا فنڈ منظور کیا ہے۔ خیال رہے کہ اس فنڈ کا استعمال مدرسوں میں جدید تعلیم کے وسائل مہیا کرنے کے لئے کرنا ہوگا۔
8فروری کو جاری کیے گئے ایک اعلامیہ کے مطابق محکمہ اقلیتی بہبود اور اقلیتی ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے منظور کیا جانے والا یہ فنڈ صرف ایک مرتبہ دیا جائے گا اور ریاست کے 92 مدارس میں تقسیم ہوگا جسے عصری مضامین اور کمپیوٹر کی تعلیم کے لئے استعمال کرنا ہوگا۔اس فنڈ کا سب سے بڑا حصہ ضلع جنوبی کینرا کو 3.96کروڑ روپیوں کی شکل میں ملا ہے، جو کہ 40مدارس کے لئے ہے۔ان میں سے 39مدارس کو 10لاکھ روپے فی کس اور ایک مدرسے کو 6لاکھ رپیوں کی گرانٹ دی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بقیہ اضلاع میں ایک کروڑ رپیوں سے زیادہ گرانٹ حاصل کرنے میں صرف وجیاپور ا کو کامیابی ملی ہے جہاں 14مدارس کے لئے 1.12کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ بقیہ کسی بھی ضلع کو 50 لاکھ روپیو ں سے زیادہ کی گرانٹ منظور نہیں کی گئی ہے۔جہاں تک ضلع شمالی کینرا کا تعلق ہے ، یہاں پر 4مدارس کو فی کس 10 لاکھ روپیوں کے حساب سے کُل 40لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ مدارس میں عصری تعلیم کے لئے گرانٹ فراہم کرنے کا سلسلہ ریاستی حکومت کی طرف سے جو شروع کیا گیا ہے، اس کا یہ چوتھا مرحلہ ہے اور اس مرتبہ سب سے زیادہ رقم مدارس کے لئے مختص کی گئی ہے۔اس طرح اب تک چار مرحلوں میں حکومت کی طرف سے مدارس کے لئے جاری کی گئی گرانٹ کی جملہ رقم 16.76کروڑ روپے ہوگئی ہے۔